سال 2023 میں سندھ بھر کتوں کے کاٹنے کے 2 لاکھ کیسز رپورٹ، ویکسین نایاب

سندھ بھر میں کتوں کے کاٹنے کی ویکسین کی عدم دستیابی اور سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کے تڑپنے کے کیس کی سماعت کے دوران سندھ ہائی کورٹ کو بتایا گیا کہ صرف سال 2023 میں صوبے بھر میں کتوں کے کاٹنے کے 2 لاکھ کیسز رپورٹ ہوئے۔

عدالت کو بتایا گیا کہ دارالحکومت کراچی سمیت صوبے کے 34 اسپتالوں میں کہیں بھی کتوں کے کاٹنے سے تحفظ کی ویکسین دستیاب نہیں، سال بھر میں 2 لاکھ افراد کو کتوں نے کاٹا اور مریض تڑپتے رہے۔

سندھ ہائی کورٹ میں سندھ میں آوارہ کتوں کی بھر مار کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، وکیل درخواست گزار نے عدالت کو آگاہی دی کہ 2023 کے دس ماہ میں 2 لاکھ کتوں کے کاٹنے کے کیسز رپورٹ ہوئے اور صرف کراچی میں 26 ہزار شہریوں کو کتوں نے کاٹا ہے۔

طارق منصور ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ سول اسپتال کراچی میں یومیہ کتوں کے کاٹنے سے متاثرہ 150 افراد کو لایا جاتا ہے۔ کتوں کی نسل اور روک تھام کے ل قوانین بنائے گئے عملدرآمد نہیں کیا گیا۔

درخواست گزار نے بتایا کہ آج بھی صوبے بھر کے اسپتالوں میں اینٹی ریبیرز ویکسین دستیاب نہیں ہیں۔ شہروں کی گلی گلی کتوں کی بھرمار ہے، کوئی روک تھام والا نہیں ہے۔