سندھ پریمیئر لیگ کا آغاز 25 جنوری سے ہوگا

سندھ پریمیئر لیگ (ایس پی ایل) کو ٹورنامنٹ کی اجازت مل گئی اور ایونٹ کا پہلا میچ 25 جنوری کو دارالحکومت کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا، ابھی شیڈول جاری نہیں کیا گیا۔

سندھ پریمیئر لیگ کے پہلے سیزن کا انعقاد دسمبر 2023 میں ہونا تھا لیکن اس وقت پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے مختلف کھلاڑیوں کو ایونٹ میں کھیلنے سے روکا تھا، جس وجہ سے اسے موخر کیا گیا تھا لیکن اب 25 جنوری سے اس کا آغاز ہوگا۔

پریمیئر لیگ میں صوبے کے ڈویژن ہیڈ کوارٹرز پر مشتمل چھ ٹیمیں ہیں، ان میں کراچی غازیز، حیدرآباد بہادرز، بینظیر آباد لالز، سکھر پیٹریاٹس، میرپور خاص ٹائیگرز اور لاڑکانہ چیلنجرز شامل ہیں۔

سندھ پریمیئر لیگ ایک بار پھر ملتوی

ایس پی ایل کی تمام چھ ٹیموں میں پاکستان کے تمام صوبوں اور شہروں سے تعلق رکھنے والے کرکٹرز بھی کھیلیں گے، تاہم ہر ٹیم میں سندھ کے نئے کرکٹرز بھی شامل ہیں۔

لیگ کے انعقاد کے حوالے سے گورنر ہاؤس میں باقاعدہ تقریب منعقد ہوئی، جس میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری مہمان خصوصی تھے، تقریب میں جاوید میانداد، معین خان، عمر اکمل، عبدالرزاق ودیگر شریک ہوئے۔

گورنر سندھ نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ سندھ پریمیئر لیگ صوبے میں کرکٹ کے فروغ کی راہیں کھولے گی۔ سندھ کے باصلاحیت نوجوان کرکٹرز کو اپنی اہلیت منوانے کے مواقع میسر آئیں گے۔

سندھ پریمیئر لیگ کیا ہے اور یہ سندھ کو کیسے فائدہ دے گی؟

سابق ٹیسٹ کپتان و ہیڈ کوچ میر پور خاص ٹائیگرز معین خان نے کہا کہ بہت خوشی ہورہی ہے کہ سندھ میں کرکٹ فروغ پارہی ہے، لیگ کے انعقاد سے چھوٹے کرکٹرز کو روزگا ملے گا،سندھ کے ہر ریجن میں کرکٹ اکیڈمی کا قیام اچھا فیصلہ ہے۔

معین خان نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ لیگ کے بقیہ سیزن دوسرے شہروں میں بھی ہوں، جو ٹیم چیمپئن بنے اس کے شہر میں اگلا سیزن منعقد ہونا چاہیے۔