سندھ حکومت کو بحریہ ٹاؤن سے 41 ارب کی پہلی قسط موصول

سپریم کورٹ کے حکم پر اسٹیٹ بینک نے بحریہ ٹاؤن کی جانب سے جمع کرائے گئے 65 ارب روپے میں سے سندھ حکومت کے حصے کے 41 ارب 25 کروڑ 90 لاکھ روپے صوبائی حکومت کو دے دیے۔

اسٹیٹ بینک نے سپریم کورٹ کے حکم پر صوبائی حکومت کے حصے کے پیسوں میں سے 6 ارب روپے گزشتہ ماہ ہی دے دیے تھے، اب سندھ حکومت کو قسط کی بقایا رقم بھی دے دی گئی۔

نجی ہاؤسنگ اسکیم میں مبینہ بدعنوانی پر سپریم کورٹ نے بحریہ ٹاؤن انتظامیہ کوقسط وار رقم عدالت میں جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔

بحریہ ٹاؤن کے جمع 65 ارب روپے میں سے سندھ حکومت کو 6 ارب کی پہلی قسط موصول

نومبر2023 میں سپریم کورٹ کے حکم پر بحریہ ٹاؤن کراچی کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے کُل 65 ارب روپے میں سے حکومتِ سندھ کو 6 ارب روپے کی پہلی قسط موصول ہوئی تھی۔

سال 2019 میں سپریم کورٹ نے بحریہ ٹاؤن کی جانب سے کراچی کی سپر ہائی وے پر 16 ہزار 896 ایکڑ اراضی حاصل کرنے کے لیے 7 برس کی مدت میں 460 ارب روپے ادا کرنے کی پیشکش کو قبول کر لیا تھا۔

تاہم بحریہ ٹاؤن نے گزشتہ برسوں کے دوران تقریباً 65 ارب روپے کی رقم جمع کرائی اور بعدازاں بقایہ رقم کے تصفیے کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا تھا۔

تاہم عدالت عظمیٰ نے فیصلہ دیا کہ بحریہ ٹاؤن نے سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں وہ قسطیں جمع نہیں کرائیں جو اس نے ایک مخصوص وقت تک ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی لہٰذا بحریہ ٹاؤن کو نادہندہ تصور کیا جائے گا۔