سندھ میں حاملہ خواتین کی مدد کے پروگرام سے ہزاروں خواتین محروم

سندھ حکومت کی جانب سے دو ماہ قبل شروع کیے گئے مدر اینڈ چائلڈ سپورٹ پروگرام ( ایم سی ایس پی) پروگرام سے ضلع عمرکوٹ اور تھرپارکر کی کم از کم ایک ہزار حاملہ خواتین کے محروم رہ جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔

مذکورہ پروگرام کے تحت سندھ حکومت کو ابتدائی طور پر تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، مٹیاری، ٹنڈو محمد خان، اور ٹنڈو الہ یار اضلاع کی حاملہ خواتین کو رجسٹرڈ کرکے انہیں طبی، غذائی اور مالی مدد دی جانی تھی لیکن اب انکشاف سامنے آیا ہے کہ تھرپارکر اور عمرکوٹ کی ایک ہزار حاملہ خواتین اس پروگرام سے محروم ہیں۔

سندھ میں ماں اور بچے کی حفاظت اور نشو و نما کا پروگرام شروع، خواتین کو نقد رقم ملے گی

نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام کے تحت غذائی قلت کی شکار خواتین اور بچوں کی نشوونما کے لیے تھرپارکر اور عمرکوٹ میں ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن پروگرام کے تحت منفرد پروگرام شروع کیا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق اس پروگرام کے تحت حاملہ خواتین کو ہرماہ طبی مراکز میں خواتین کا وزن، معائنہ کرنے کے علاوہ ادویات دی جاتی ہیں تاکہ ماں اور بچے کی بہتر نشوونما کے لیے ادویات کے ذریعے غذائی قلت کو پورا کیا جاسکے لیکن ایک ہزار حاملہ خواتین اس پروگرام سے ناواقف ہیں۔

پروگرام سے محروم رہنے والی ایک حاملہ خاتون نے ٹی وی چینل کو بتایا کہ وہ 8 ماہ کے حمل سے ہےیں وہ بینظیر نشوونما کے مرکز جاتی ہیں مگر غذائیت والا پیکج نہیں انہیں نہیں مل پارہا ہے، انہیں کہا جاتا ہے وہ رجسٹرڈ نہیں ہیں، سروے مرکز میں نام لکھوا کر آئیں، وہاں جاتی ہیں تو بتایا جاتا ہے کہ ان کا نام لسٹ میں نہیں ہے۔

سندھ میں سوشل پروٹیکشن کے تحت ہر حاملہ خاتون کو 30 ہزار دینے کا منصوبہ

اس پر ڈسٹرکٹ پروجیکٹ آفیسر آفتاب احمد کے مطابق ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن پروگرام کے تحت اب تک تھرپارکر میں 15 ہزار اور عمرکوٹ میں 10 ہزار حاملہ خواتین اور بچوں کو رجسٹرڈ کیا جاچکا ہے اور مزید کو بھی کیا جائے گا۔

اس پروگرام کا مقصد حمل سے متعلق مشورے کرنے، زچگی کی پیچیدگیوں سے متعلق معلومات کا حصول اور پیدائش میں وقفہ کاری، حفظان صحت، خوراک اور نگہداشت کے طریقوں، بچوں کی علمی نشوونما، اور بہترین غذائیت کے لیے خوراک کی مفید معلومات کا مائوں تک پہنچانا ہے۔

پروگرام کے تحت ہر حاملہ خاتون اور دو سال کی عمر کے بچے والی مائوں کو 30 ہزار روپے کی نقد رقم فراہم کی جائے گی۔