سندھ میں ماں اور بچے کی حفاظت اور نشو و نما کا پروگرام شروع، خواتین کو نقد رقم ملے گی
بچوں میں غذائی قلت سے نمٹنے اور ماں کی صحت کو سپورٹ کرنے کے لیے سندھ حکومت نے مدر اینڈ چائلڈ سپورٹ پروگرام ( ایم سی ایس پی) کا باضابطہ افتتاح کردیا، جس کے لیے 50 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔
سال 2023 سے 2027 تک چلنے والے اس پروگرام کا مقصد صوبے کے 15 اضلاع میں 13 لاکھ حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین کو فائدہ پہنچانا ہے، جس پر عملدرآمد کی مرحلہ وار حکمت عملی پرائمری پبلک ہیلتھ انیشیٹو (پی پی ایچ آئی) سندھ کے تعاون سے سروس ڈیلیوری پارٹنر کے طور پر تیار کی گئی ہے۔
سندھ میں سوشل پروٹیکشن کے تحت ہر حاملہ خاتون کو 30 ہزار دینے کا منصوبہ
یہ پروگرام انٹرنیشنل ڈیویلپمنٹ ایسوسی ایشن (آئی ڈی اے) کے فنڈز سمیت عالمی بینک کی مالی معاونت سے چلایا جائے گا، جب کہ حکومت سندھ کی طرف سے اس پروگرام کے لیے 3 کروڑ امریکی ڈالر کے فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔
مذکورہ پروگرام اسٹرینتھنگ سوشل پروٹیکشن ڈیلیوری سسٹم ان سندھ کے عنوان سے چلایا جائے گا۔
مزکورہ پروگرام کے لیے ابتدائی طور پر حکومت سندھ نے تھرپارکر او عمرکوٹ اضلاع میں اس کا پائلٹ پروگرام چلایا تھا،جس کی کامیابی کے بعد اب سندھ سوشل پروٹیکشن اتھارٹی ( ایس ایس پی اے ) نے اس پروگرام کا دائرہ کار چھ اضلاع، تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، مٹیاری، ٹنڈو محمد خان، اور ٹنڈو الہ یار تک بڑھادیا۔
موسمیاتی تبدیلی اور انڈس ڈیلٹا کی تباہی سے سندھ کی خواتین اور بچے سب سے زیادہ متاثر
مذکورہ اضلاع کے بعد اس پروگرام کو سانگھڑ، بدین، سجاول، ٹھٹھہ، گھوٹکی، کشمور-کندھ کوٹ، شکارپور، جیکب آباد، اور قمبر-شہداد کوٹ اضلاع میں جنوری 2024 سے آغاز کیا جائے گا۔
کمشنر حیدرآباد سید خالد حیدر شاہ اور ڈپٹی کمشنر مٹیاری لال ڈنو منگی نے ضلع مٹیاری میں پی پی ایچ آئی کے پنج مورو اسپتال میں پروگرام کا افتتاح کیا۔
پروگرام کے تحت حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین کو مشروط نقد رقم فراہم کی جائے گی، انہیں اپنی صحت کے چیک اپ، بچوں کے پیدائش کے اندراج، بچوں کی نشوونما کو فروغ دینے، اور حفاظتی ٹیکوں کی تعمیل کی حوصلہ افزائی کرنے کی شرطوں پر رقم مہیا کی جائے گی۔
پروگرام کا مقصد حمل سے متعلق مشورے کرنے، زچگی کی پیچیدگیوں سے متعلق معلومات کا حصول اور پیدائش میں وقفہ کاری، حفظان صحت، خوراک اور نگہداشت کے طریقوں، بچوں کی علمی نشوونما، اور بہترین غذائیت کے لیے خوراک کی مفید معلومات کا مائوں تک پہنچانا ہے۔
پروگرام کے تحت ہر حاملہ خاتون اور دو سال کی عمر کے بچے والی مائوں کو 30 ہزار روپے کی نقد رقم فراہم کی جائے گی۔