سندھ ایریگیشن اتھارٹی کی گریڈ 18 کی خاتون افسر کو ہراساں کیے جانے کا انکشاف

سندھ ایریگیشن اینڈ ڈرینج اتھارٹی (سیڈا) کی گریڈ 18 کی خاتون افسر کے ساتھ جنسی ہراسانی کے واقعے پر محتسب اعلیٰ نے اتھارٹی کے دو اعلی افسران کو نوٹس جاری کردیا۔

چند روز قبل گریڈ 18 کی خاتون افسر نے ایم ڈی فنانس پر جنسی ہراسانی کا الزام لگایا تھا۔

خاتون افسر نے مینجنگ ڈائریکٹر سیڈا پریتم داس کو اپنے شکایتی خط میں کہا تھا کہ ایم ڈی فنانس نعیم میمن نے میرے بلوں کو جان بوجھ کر روکے رکھا ہے۔انہوں نے مزید کہا تھا کہ کچھ روز قبل اسلام آباد میں ہونے والی میٹنگ میں بھی انہوں نے نازیبا الفاظ استعمال کیے۔

خاتون افسر نے یہ بھی کہا تھا کہ واٹس ایپ گروپ میں بھی سرکاری گاڑی کی الاٹمنٹ کے حوالے سے ایک گفتگو کے دوران ایم ڈی فنانس نے مجھے کار کی آفر کرتے ہوئے لالچ دے کر متاثر کرنے کی کوشش کی تھی۔

محتسب اعلیٰ نے سیڈا کے مینجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) اور جنرل مینجر (جی ایم) کو نوٹس جاری کردیے۔

محتسب اعلیٰ نے دونوں افسران کو 23 جنوری کو جواب جمع کروانے کا حکم دیا ہے۔ دونوں افسران پر خاتون افسر کو جنسی ہراساں کرنے کا الزام ہے۔