الیکشن کمیشن کا ووٹ کاسٹنگ کیلئے قیدیوں کیلئے فری ڈاک کا انتظام
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے صوبائی دارالحکومت کراچی کے سینٹرل جیل میں خواتین قیدیوں کے لیئے "پوسٹل بیلٹ” کے عنوان سے آگاہی سیشن اور مشق کا انعقاد کیا گیا۔
آگاہی سیشن میں خواتین قیدیوں کو پوسٹل بیلٹ کے طریقہ کار اور اس کے استعمال پر جامع آگاہی دی گئی۔
ساتھ ہی الیکشن کمیشن کی جانب سے تربیتی سیشن میں بتایا گیا کہ سندھ بھر کے قیدیوں کے لیے الیکشن کمیشن نے فری ڈاک کا انتظام بھی کیا ہے۔
الیکشنز ایکٹ 2017 کے (سیکشن 93 ڈی)کے تحت قیدی افراد اپنا حق راہی دہی کا استعمال پوسٹل بیلٹ کے ذریعے کرسکتے ہیں اور اسی سلسلے میں خواتین قیدیوں کو پوسٹل بیلٹ پر آگاہی دی گئی،بعد ازاں پوسٹل بیلٹ کی مشق بھی کروائی گئی۔
تربیتی سیشن کے موقع پر ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) جیلز سندھ شیبہ شاہ نے تمام حاضرین کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ قومی فریضے کی انجام دہی کے لیئے سندھ پولیس الیکشن کمیشن سے ہر ممکن معاونت کرنے کے لیے تیار ہیں۔
دوران پروگرام پوسٹل بیلٹ کے طریقہ کار پر روشنی ڈالی گئی اور بتایا گیا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے لیئے ہر ووٹ اہم و قیمتی ہے،
مہمانوں نے خواتین قیدیوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ پوسٹل بیلٹ سے استعفادہ حاصل کرتے ہوئے اپنا حق رائے دہی ضرور استعمال کریں، مزید بتیا گیا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اس قومی فریضے کی انجام دہی کے لیئے "فری ڈاک” کا انتظام بھی کیا ہے، تمام افراد بغیر کسی خرچے کے پوسٹل بیلٹ کا استعمال کرسکتے ہیں۔
سیشن پروگرام میں جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر سندھ علی اصغر سیال، سندھ کمیشن آن اسٹیٹس آف وومن کی چیئرپرسن نزہت شیریں اور ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) ارم تنویر نے خصوصی شرکت کی۔
یہ آگاہی پروگرام جینڈر اینڈ سوشل انکلیوزن (جی ایس آئی) برانچ اور میڈیا کوآرڈنیشن اینڈ آئوٹریچ (ایم سی او) برانچ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے تعاون سے منعقد ہوا۔