محکمہ تعلیم سندھ کے 16 ذیلی اداروں میں درجنوں سیاسی افراد بھرتی کیے جانے کا انکشاف
محکمہ تعلیم کے 16 مختلف ذیلی اداروں میں درجنوں سیاسی افراد کو بھرتی کیے جانے کا معاملہ سامنے آنے کے بعد تفتیش شروع کردی گئی اور تمام متعلقہ اداروں کے سربراہوں سے تفصیلات طلب کرلی گئیں۔
محکمہ تعلیم کے ذیلی ادارے سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ، سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن، کریکیولم اسسمنٹ بورڈ، سندھ ایجوکیشن کمیشن، ریفارم سپورٹ یونٹ اور ٹیچرس ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ سمیت 16 اداروں میں سیاسی اور من پسند افراد کو اعلیٰ عہدوں پر بھرتی کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔
روزنامہ پنھنجی اخبار کے مطابق معاملہ سامنے آنے کے بعد وزیر تعلیم رعنا حسین نے سیکریٹری تعلیم شیرین ناریجو سے رپورٹ طلب کرلی جب کہ سیکریٹری نے تمام متعلقہ اداروں کے سربراہوں کو خط لکھ کر تفصیلات جمع کرانے کی ہدایت کردی۔
سیکریٹری کی جانب سے تمام سربراہوں کو خط لکھ کر ہونے والی بھرتیوں کی مکمل تفصیل مانگی گئی ہے اور انہیں ہدایات کی گئی ہیں کہ ایک ہفتے کے اندر رپورٹ جمع کرائی جائے۔
یہ واضح نہیں ہے کہ محکمہ تعلیم کے ذیلی اداروں میں کتنے افراد سیاسی سفارش پر بھرتی کیے گئے لیکن اطلاعات ہیں کہ سندھ بھر میں درجنوں ملازمین کو سفارش پر بھرتی کیا گیا۔