افغانیوں کے خلاف آپریشن کے بعد کراچی میں جرائم کم ہوگئے، کراچی پولیس چیف
کراچی پولیس چیف خادم رند نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبائی دارالحکومت میں مقیم غیر قانونی افغانیوں کے خلاف آپریشن کے بعد اب شہر میں جرائم کم ہوگئے اور گھروں کی ڈکیتیوں کے دوران خواتین کے ساتھ ریپ کے واقعات نہیں ہو رہے۔
کراچی میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے خادم حسین رند کا کہنا تھا کہ گزشتہ پانچ ہفتوں کے دوران 1200 سے زائد غیر قانونی افغانیوں کو سندھ بدر کیا ہے جب کہ 1500 تک کو گرفتار کر رکھا ہے۔
سندھی ٹی وی چینل ٹائم نیوز کے مطابق خادم رند کا کہنا تھا کہ غیر قانونی افغانیوں کے خلاف آپریشن کے بعد اب سہراب گوٹھ اور افغان بستی نوگوایریا نہیں رہے جب کہ پولیس نے دارالحکومت میں رہنے والے تمام غیر قانونی غیر ملکیوں کا ڈیٹا حاصل کرلیا، ان کے خلاف ٹارگیٹڈ آپریشن ہوگا۔
کراچی پولیس چیف نے دعویٰ کیا کہ اب شہر میں گھروں میں ڈکیتیوں کے دوران خواتین کے ریپ نہیں ہو رہے، غیر قانونی افغان ڈکیتی کے ساتھ بچوں پر تشدد اور خواتین کا ریپ کرتے تھے۔