ثقافتی دن منانے والے سندھ یونیورسٹی کے 20 طلبہ کے داخلے معطل، ہاسٹلز میں جانے پر پابندی عائد

سندھ یونیورسٹی جامشورو کی انتظامیہ نے دسمبر 2023 میں سندھی ثقافتی دن منانے والے درجنوں طلبہ میں سے 20 طلبہ کے داخلے معطل کرتے ہوئے ان کے ہاسٹلز میں داخل ہونے پر بھی پابندی عائد کردی۔

سندھ یونیورسٹی میں بھی صوبے کے دیگر تعلیمی اداروں کی طرح دسمبر کے پہلے ہفتے سندھی ثقافتی دن منایا گیا تھا، جس میں بعض طلبہ نے مبینہ طور پر کچھ ریاست مخالف نعرے بھی لگائے تھے، جس بنا پر ان کے خلاف مقدمات بھی دائر کیے گئے تھے۔

ثقافتی دن منانے والے تمام طلبہ کو یونیورسٹی کی ڈیسیپلین کمیٹی کے سامنے بھی پیش ہونے کا حکم دیا گیا تھا، تاہم وہ وہاں پیش نہ ہوئے، جس پر یونیورسٹی انتظامیہ نے 20 طلبہ کے داخلے معطل کردیے۔

روزنامہ کاوش کے مطابق یونیورسٹی انتظامیہ نے 20 طلبہ کے داخلے معطل کرتے ہوئے، ہاسٹلز میں ان کے داخل ہونے پر بھی پابندی عائد کردی جب کہ ان کے ای پورٹل اکائونٹس بھی بلاک کردیے گئے۔

جن طلبہ کے داخلے معطل کیے گئے انہیں ہاسٹلز میں داخل بھی نہیں ہونے دیا گیا اور ان کےناموں کی فہرست ہاسٹلز کے مرکزی گیٹ پر لگائی گئی ہے، جس وجہ سے سیکیورٹی عملے نے ایسے طلبہ کو ہاسٹلز میں جانے سے روک دیا۔

طلبہ کے داخلے معطل کیے جانے اور ہاسٹلز میں ان کے داخل ہونے پر پابندی عائد کیے جانے کے خلاف طلبہ نے احتجاج بھی کیا جب کہ سوشل میڈیا صارفین نے بھی یونیورسٹی انتظامیہ کے عمل کو نامناسب اور غیر قانونی قرار دیا۔