سکھر میں پہلی بار سائنس فیسٹیول کا انعقاد

تھر ایجوکیشن الائنس اور سندھ ایجوکیشن الائنس کی جانب سے سندھ کے تیسرے بڑے اور اہم شہر سکھر میں پہلی بار سائنس فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔

سکھر میں تین روزہ سائنس فیسٹیول کا آغاز 25 جنوری کو ہوا جو کہ 27 جنوری تک جاری رہے گا اور اس دوران سندھ کےمختلف شہروں کے طلبہ و طالبات اپنی سائنسی ایجادات بھی فیسٹیول میں پیش کریں گی۔

سکھر سائنس فیسٹیول میں ماہرین تعلیم، سوشل میڈیا کارکنان، ریاضی اور سائنس کے اساتذہ اور ماہرین کے سیشن رکھے گئے ہیں جب کہ تعلیم و سائنس کے میدان میں نمایاں خدمات سر انجام دینے والی شخصیات کو بھی اپنے تجربات شیئر کرنے کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔

تین روزہ سائنس فیسٹیول میں شمالی سندھ سمیت وسطی سندھ اور یہاں تک کہ صوبائی دارالحکومت کراچی کے تعلیمی اداروں کے طلبہ نے بھی اپنی سائنسی ایجادات پیش کیں۔

سکھر سے قبل 17، 18 اور 19 جنوری کو کراچی میں بھی تھر ایجوکیشن الائنس اور سندھ ایجوکیشن الائنس کی جانب سے تین روزہ سائنس فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا تھا۔

سندھ میں سائنس فیسٹیول کا آغاز 2018 میں تھر ایجوکیشن الائنس کی جانب سے کیا گیا تھا اور پہلی بار صحرائی ضلع تھرپارکر میں سائنسی میلے کا انعقاد کیا گیا تھا، بعد ازاں اس کا انعقاد صوبائی دارالحکومت کراچی میں بھی کیا گیا۔

اس سال کراچی کے بعد اب سکھر میں بھی فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا ہے جب کہ حیدرآباد سمیت دیگر شہروں میں بھی رواں برس سائنس فیسٹیولز منعقد کیے جائیں گے۔

سائنس فیسٹیولز کو سندھ بھر میں پذیرائی مل رہی ہے اور مذکورہ فیسٹیولز کو تعلیم اور طالبات کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔