عالمی ادارہ صحت نے سندھ حکومت کو لیڈی ویکسینٹرز کے لیے اسکوٹیز فراہم کردیں

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے 55 لیڈی ہیلتھ ورکرز (ایل ایچ وی) کے لیے محکمہ صحت سندھ کو اسکوٹیز فراہم کردیں جب کہ ادارے نے سندھ حکومت کو جدید ایمبولینسز سمیت ادویات اور دیگر آلات بھی دیے دیے۔

اسکوٹیز، ایمبولینسز اور دیگر آلات کی سندھ حکومت کو فراہمی کے حوالے سے توسیعی پروگرام آن امیونائزیشن (ای پی آئی) کے ہیڈ کوارٹر میں ایک تقریب منعقد ہوئی، جہاں ڈبلیو ایچ او نے صحت کی دیکھ بھال کی استعداد کار بڑھانے کے لیے کروڑوں روپے مالیت کے آلات، گاڑیاں اور ہیلتھ کیئراسسٹنس گیجٹس سندھ حکومت کے حوالے کیے۔

سندھ حکومت کا خواتین ویکسی نیٹرز کو الیکٹرک بائیک دینے کا اعلان

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر صحت ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے "وسائل” فراہم کرنے پر ڈبلیو ایچ او کا شکریہ بھی ادا کیا۔

ڈبلیو ایچ او نے محکمہ صحت سندھ کو ایک ڈبل کیبن گاڑی، حفاظتی ٹیکے لگانے والی لیڈی ہیلتھ ورکرز کے لیے 55 اسکوٹیز، تین جدید ایمبولینسز، ایمبولینسز میں استعمال ہونے والے نو ٹرانسپورٹ انکیوبیٹرز، 500 ویکسی نیٹرز کے یونیفارم، 200 سے زائد حفظان صحت کی کٹس، 1100 ریکارڈ مینٹیننس اور ڈیٹا مینجمنٹ کے لیے ٹیبلٹس، ڈینٹل کیئر کے دو یونٹ، 20 فل سائز ٹینٹ، 500 واٹر فلٹریشن یونٹ، ایک لاکھ سے زائد افراد کے لیے بنیادی ادویات اور 100 سے زائد یونٹوں کے لیے لیبر رومز میں استعمال ہونے والا طبی سامان مہیا کیا۔

محکمہ صحت سندھ کے ترجمان کے مطابق 50 سے زائد لیڈی ہیلتھ ورکرز پہلے ہی اسکوٹیز استعمال کرنے کی تربیت سے گزر رہی ہیں، انہیں ہی اسکوٹیز فراہم کی جائیں گی۔