محکمہ سیاحت سندھ کی جانب سے کراچی میں خواتین کی موٹر سائیکل ریلی کا انعقاد

محکمہ سیاحت سندھ کی جانب سے خواتین کو موٹر سائیکل چلانے کی تربیت دینے کے بعد بائیک دارالحکومت کراچی میں ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں خواتین بائیکرز بڑی تعداد میں شریک ہوئیں۔

بائیک ریلی درگاہ عبداللہ شاہ غازی کے مزار سے شروع ہو کر محکمہ سیاحت سندھ کے دفتر پر اختتام پذیر ہوئی۔

موٹربائیک ریلی میں شریک خواتین کا کہنا تھا کہ بائیک چلانے سے ہم اپنے روزمرہ کے کاموں کے لئے کسی کے محتاج نہیں ہیں، اب ہم اپنے سارے کام خود کرتی ہیں۔

وزیر سیاحت ارشد ولی محمد نے خواتین رائیڈرز کوسراہتے ہوئے کہا کہ اس ریلی کا مقصد خواتین کو خودمختار بنانا ہے، ریلی میں خواتین نے بائیک چلا کر یہ ثابت کر دکھایا کہ وہ مردوں کے شانہ نشانہ چل سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ تقریب سندھی خواتین کی رکاوٹوں کو توڑنے اور نئے افق تلاش کرنے کے عزم کو اجاگر کرتی ہے، سائیکلنگ کو فروغ دینا نہ صرف خواتین کو بااختیار بناتا ہے بلکہ سندھ کی خوبصورتی اور تنوع پر بھی روشنی ڈالتا ہے۔