سندھ میں 2 کروڑ 60 لاکھ افراد ووٹ کاسٹ کریں گے، 19 ہزار 8 پولنگ اسٹیشنز قائم
صوبائی الیکشن کمیشن کے مطابق سندھ بھر میں 8 فروری کو 2 کروڑ 60 لاکھ سے زائد افراد حق رائے دہی کا استعمال کریں گے اور ووٹرز میں سے دو کروڑ کے قریب خواتین ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر سندھ شریف اللہ نے میڈیا کو بتایا کہ صوبے بھر میں 26.995 ملین رجسٹرڈ ووٹرز یعنی دو کروڑ 60 لاکھ سے زائد کے لیے 19 ہزار 08 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بیلٹ پیپرز اور دیگر انتخابی مواد صوبے کے تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں پہنچا دیا گیا ہے اور پولنگ عملے کی تعیناتی کا عمل جاری ہے۔
شریف اللہ جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر سردار نذر عباس کے ہمراہ صوبائی الیکشن کمشنر کے دفتر میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام انتخابی مواد بدھ تک متعلقہ پولنگ سٹیشنوں پر پہنچا دیا جائے گا اور دعویٰ کیا کہ انہیں ابھی تک انتخابی عمل کے بارے میں کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔
الیکشن کمشنر سندھ نے کہا کہ وہ 8 فروری کے عام انتخابات کے دوران مناسب سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے صوبائی حکومت، ڈائریکٹر جنرل سندھ رینجرز اور دیگر متعلقہ اداروں سے رابطے میں ہیں۔
انہوں نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ صوبے میں 6 ہزار 524 حساس یا انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز ہیں اور ایسے پولنگ اسٹیشنز پر رینجرز اور پولیس کی نفری تعینات ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر پولنگ ایجنٹس فارم 45 حاصل نہیں کر پاتے ہیں تو وہ شکایت درج کرائیں۔