سندھ میں سانگھڑ کا این اے 209 سب سے بڑا، این اے 244 کراچی سب سے چھوٹا حلقہ

فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے رجسٹرڈ ووٹرز کے اعداد و شمارجاری کر دیے جن میں دلچسپ حقائق سامنے آئے ہیں۔

فافن کے مطابق سندھ میں این اے 209 سانگھڑ ووٹرز کے اعتبار سے سب سے بڑا حلقہ ہے جہاں 6 لاکھ 7 ہزار638 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں، سندھ میں این اے 244 کراچی میں سب سے کم ووٹرز ایک لاکھ 55 ہزار 824 ہیں۔

رپورٹ کے مطابق رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہونے کے بھارت، انڈونیشیا، امریکا اور برازیل کے بعد پاکستان دنیا کی پانچویں بڑی جمہوریت بن گیا ہے۔

فافن کی رپورٹ کے مطابق 8 فروری کو ہونے والے انتخابات کےلیے ملک میں ریکارڈ 12 کروڑ 80 لاکھ ووٹرز رجسٹرڈ ہیں اور ملک کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ خواتین ووٹرز کی رجسٹریشن بڑھنے کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے، 2018 میں ووٹرز کا صنفی فرق 11.8 فیصد تھا جو اب 7.7 فیصد ہوگیا ہے۔