سندھ سمیت پاکستان بھر میں ووٹنگ کا عمل جاری، موبائل سروس معطل

سندھ سمیت پاکستان بھر میں نئی حکومتوں کے قیام کے لیے ووٹنگ کا عمل جاری ہے، سندھ سمیت پاکستان بھر میں دوپہر تک ووٹنگ کا عمل پرامن رہا اور کہیں سے بھی ناخوشگوار رپورٹس موصول نہیں ہوئیں۔

ملک کے بارہویں اور ملکی تاریخ کے سب سے بڑے عام انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل بغیر کسی وقفے کے صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔

آج 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 ووٹرز ووٹ کا حق استعمال کرسکیں گے جن میں 6 کروڑ 92 لاکھ 63 ہزار 704 مرد اور 5 کروڑ 93 لاکھ 22 ہزار 56 خواتین ووٹرز ووٹ دینے کی اہل ہیں۔ مجموعی طور پر رجسٹرڈ ووٹرز میں تقریباً 54 فیصد مرد اور 46 فیصد خواتین ووٹرز شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق 25 سال تک کی عمر کے 2 کروڑ 35 لاکھ 18 ہزار 371 نئے ووٹرز رجسٹر ہوئے ہیں، نئے رجسٹرڈ ووٹرز میں خواتین ووٹرز کی تعداد مردوں سے زیادہ ہے ۔

سندھ سے قومی اسمبلی کی 61 اور صوبائی اسمبلی کی 130 نشستوں پر 2 کروڑ 69 لاکھ 94 ہزار 769 ووٹرز پسندیدہ امیدواروں کا چناؤ کریں گے۔

عام انتخابات کے دوران قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں کیلئے 882 خواتین اور 4 خواجہ سراؤں سمیت ملک کی تاریخ میں سب سے زیادہ امیدوار حصہ لے رہے ہیں جن کی تعداد 17 ہزار 816 بنتی ہے۔

عام انتخابات کیلئے جاری پولنگ کے دوران ملک بھر میں 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 ووٹرز آج اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ووٹر کو قومی اسمبلی کیلئے سبز اور صوبائی اسمبلی کیلئے سفید بیلٹ پیپر دیا جائے گا، ووٹ ڈالنے کیلئے ووٹر کو اصل شناختی کارڈ دکھانا لازم ہوگا۔

سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پولنگ کا عمل شروع ہونے سے قبل ہی مختلف شہروں میں مختلف شہروں میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس معطل کردی گئی تھی

ملک بھر میں عوام کے ووٹ کا حق استعمال کرنے کیلئے 90 ہزار 675 پولنگ اسٹیشنز اور 2 لاکھ 66 ہزار 398 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں۔

ملک بھر میں عام انتخابات کے دوران جاری پولنگ کیلئے 14 لاکھ 90 ہزار انتخابی عملہ الیکشن کی ذمہ داریاں انجام دے رہا ہے، ہر حلقے کا غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ ریٹرننگ افسران کے دفاتر سے جاری کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر میں 16 ہزار 766 پولنگ اسٹیشنوں کو انتہائی حساس جبکہ 29 ہزار 985 کو حساس قرار دیا گیا ہے، انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر پاک فوج تعینات کی گئی ہے۔۔