سندھ میں ابتدائی غیر حتمی نتائج میں پیپلز پارٹی کو برتری حاصل

سندھ میں ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے اور اب تک آنے والے ابتدائی غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کو اکثریت حاصل ہے۔

دوسری جانب صوبائی دارالحکومت کراچی میں کے ابتدائی غیر حتمی نتائج کے مطابق کسی ایک جماعت کو واضح برتری حاصل نہیں۔

ووٹنگ مکمل ہونے کے بعد صوبے کے مختلف اضلاع اور علاقوں کی پولنگ اسٹیشنز سے ایسی ویڈیوز اور تصاویر بھی سامنے آئیں، جہاں امیدواروں کی جانب سے پولنگ اسٹیشنز میں گھس کر وہاں ان کی جانب سے توڑ پھوڑ کرنے سمیت بیلٹ باکسز کو توڑتے دیکھا گیا۔

ووٹنگ کے لیے سندھ بھر میں قومی اسمبلی کی 61 اور صوبائی اسمبلی کی 130 نشستوں کے لیے 2 کروڑ 69 لاکھ 94 ہزار 769 ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا اور انہوں نے اپنے پسندیدہ امیدواروں کا انتخاب کیا جو آئندہ پانچ سال تک صوبے پر حکمرانی کریں گے۔

سندھ بھر میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں کےلیے مجموعی طور پر 4 ہزار 110 امیدوار ایک دوسرے کے مد مقابل انتخابی میدان میں اترے تھے۔

صوبے بھر میں 19 ہزار 08 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے تھے، جس میں سے 6 ہزار 524 حساس یا انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز ہیں اور ایسے پولنگ اسٹیشنز پر رینجرز اور پولیس کی نفری تعینات تھی۔

سندھ بھر میں صوبائی اسمبلی کی 130 اور قومی اسمبلی کی 61 نشستوں کے لیے 47 مختلف سیاسی جماعتوں سمیت 4 ہزار 110 آزاد امیدوار میدان میں اترے تھے۔