سندھ میں راشد محمود سومرو سمیت زیادہ تر مذہبی امیدوار ہار گئے

سندھ سمیت ملک بھر میں 8 فروری کو ہونے والے انتخابات کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہیں، جن کے مطابق جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) سمیت ان کی جماعت کے زیادہ تر مذہبی امیدوار اپنی اپنی نشستیں ہار گئے۔

راشد محمود سومرو نے لاڑکانہ سے بلاول بھٹو زرداری کے مد مقابل قومی اسمبلی جب کہ شکارپور سے پیپلز پارٹی کے ہی شہریار مہر کے مقابلے صوبائی اسمبلی کی نشست پر انتخاب لڑا۔

راشد محمود سومرو اپنی دونوں نشستوں پر ہار گئے جب کہ ان کی ہی پارٹی کے زیادہ تر مذہبی امیدوار بھی اپنی نشستیں نہ جیت سکے۔

دوسری جانب دارالحکومت کراچی میں جماعت اسلامی (جے آئی) کے حافظ نعیم الرحمٰن بھی قومی اسمبلی کی نشست ہار گئے اور ان کی ہی پارٹی کے زیادہ تر امیدواروں کو بھی سندھ بھرمیں شکست کھانی پڑی۔

تاہم غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق حافظ نعیم نے سندھ اسمبلی کی نشست جیت لی۔

سندھ بھر میں اس بار زیادہ تر روایتی سیاست دانوں نے میدان مارا ہے اور سندھ کے عوام نے مذہبی امیدواروں کو مسترد کردیا۔