مٹھی میں ہندو پریزائڈنگ افسر کو تھپڑ مارنے والے بااثر شخص کوقید کی سزا

سندھ کے صحرائی علاقے تھرپارکر میں 2022 کے بلدیاتی انتخابات کے دوران اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے پریزائڈنگ افسر گھنشام داس ہندو بجیر کو تھپڑ مارنے والے بااثر شخص کو عدالت نے دو سال قید اور جرمانے کی سزا سنادی۔

اقلیتی پریزائڈنگ افسر ڈاکٹر گھنشام داس کو غلام محمد جونیجو نے بلدیاتی انتخابات کے دوران متعدد افراد کے سامنے تھپڑ رسید کیا تھا۔

مذکورہ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں، جس کا اس وقت الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے نوٹس لیا تھا اور انتظامیہ کو حکم دیا تھا کہ ملزم کے خلاف کارروائی کی جائے۔

بعد ازاں الیکشن قوانین کے تحت غلام محمد جونیجو کے خلاف مقدمہ دائر کرکے ان کے خلاف کیس چلایا گیا اور 17 فروری کو مٹھی کے جوڈیشل میجسٹریٹ شہاب الدین نظامانی نے مجرم کو سزا سناتے ہوئے انہیں جیل بھیج دیا۔

عدالت نے غلام محمد جونیجو کو دو سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی، جس کے بعد پولیس نے انہیں تحویل میں لے کر انتہائی سخت سیکیورٹی میں انہیں جیل منتقل کردیا۔