مراد علی شاہ کو تیسری بار وزیر اعلیٰ سندھ بنانے کا فیصلہ

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے 8 فروری کو ہونے والے انتخابات میں سندھ میں سب سے زیادہ نشستیں جیتنے کے بعد سید مراد علی شاہ کو تیسری بار وزیر اعلیٰ بنانے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے سید مراد علی شاہ کو ہی تیسری بار وزارت اعلیٰ کے منصب پر فائز کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے نومنتخب ارکان اسمبلی کو 20 فروری تک صوبا$ی دارالحکومت کراچی طلب کرلیا، جہاں حکومت سازی کے مزید معاملات طے کیے جائیں گے اور ممکنہ طور پر دو دن کے اندر مراد علی شاہ کو وزیر اعلیٰ بنانے کا باضابطہ اعلان بھی کردیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ کے لیے فریال تالپور، شرجیل میمن اور ناصر شاہ کے نام بھی زیر گردش ہیں، تاہم پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے قریبی ذرائع کے مطابق اس بار بھی مراد علی شاہ کو ہی وزارت اعلیٰ کے منصب پر بٹھایا جائے گا۔

مراد علی شا پہلی بار 2016 میں سندھ کے وزیر اعلیٰ بنے تھے، وہ صوبے کے 26 ویں وزیر اعلیٰ بنے تھے، بعد ازاں 2018 میں وہ دوسری بار جب کہ اب تیسری بار وزیر اعلی بنیں گے۔

این ای ڈی یونیورسٹی سے سول انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کرنے والے مراد شاہ امریکہ کی سٹینفرڈ یونیورسٹی سے بھی سول سٹرکچرل انجینئرنگ اور اکنامک انجینئرنگ کے شعبوں میں اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں۔

حصولِ تعلیم کے بعد انھوں نے اپنے کریئر کی ابتدا واپڈا میں بطور جونیئر انجنیئر کی اور پھر پورٹ قاسم اتھارٹی، حیدرآباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور کراچی ہاربر پر بھی مختلف عہدوں پر فائز رہے۔