پیپر لیک ہونے کے بعد سندھ پبلک سروس کمیشن کے ٹیسٹ ملتوی
سندھ پبلک سروس کمیشن (ایس پی ایس سی) نے اسکول ٹیچر کی گریڈ 16 کی اسامیوں کے لیے لیا جانے والا ٹیسٹ پرچہ لیک ہونے کے بعد ملتوی کردیا، ٹیسٹ دوبارہ لیا جائے گا۔
سندھ پبلک سروس کمیشن نے اپنے اعلامیے میں پرچہ لیک ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ معاملے کی تفتیش جاری ہے اور 20 فروری کو سندھ بھر میں لیا جانے والا ٹیسٹ ملتوی کرکے دوبارہ ٹیسٹ لیا جائے گا۔
سندھ میٹرز کو موصول اطلاعات کے مطابق گریڈ 16 کی اسامیوں کے لیے سندھ پبلک سروس کمیشن کی جانب سے حیدرآباد، سکھر، بینظیر آباد، میرپورخاص، لاڑکانہ اور کراچی ڈویژن میں ٹیسٹ لیے جا رہے تھے اور ٹیسٹ میں ہزاروں امیدوار شریک ہوئے تھے۔
امتحانی پرچہ لیک ہونے کی بات سامنے آنے کے بعد تمام ڈویژنز کے ٹیسٹ سینٹرز میں امیدواروں نے ہنگامہ کیا، جس بعد ٹیسٹ ملتوی کیا گیا۔
کمیشن کے مطابق 26فروری تک سندھ پبلک سروس کمیشن کے سیکنڈری اسکول ٹیچرز کے پرچے منسوخ کردیے گئے ہیں جبکہ 27 اور 28 فروری کے اسسٹنٹ اور ہیڈ ماسٹرز کے پرچے معمول کے مطابق ہونگے۔
کمیشن ترجمان کے مطابق پیپر لیک ہونے کی اطلاع پر چیئرمین سندھ پبلک سروس کمیشن نے معاملے کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے، امتحان میں شفافیت رکھنے کیلئے 26 فروری تک پرچے ملتوی کردے گئے ہیں ملتوی کیے جانے والے ٹیسٹ بعد میں ہوں گے۔