سندھ حکومت نے سیلاب متاثرین کے گھر تعمیر کرنے کے لیے ایشین ترقیاتی بینک سے 40 کروڑ مانگ لیے
وزیراعلیٰ سندھ نے سیلاب زدگان کے لیے مزید ڈھائی لاکھ مکانات کی تعمیر کیلیے ایشیائی ترقیاتی بینک سے 400 ملین ڈالر کی امداد طلب کرلی۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ایشین ڈیولپمنٹ بینک (ADB) کے وفد نے ہانگ سو لی کی قیادت میں ملاقات کی، ملاقات میں سیلاب سے متاثرہ افراد کیلیے مزید 250000 مکانات کے تعمیراتی پروجیکٹ پر تبادلہ خیال اور 400 ملین ڈالر کے لیے شرائط و ضوابط پر بات چیت پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے وفد سے کہا کہ وہ سیلاب سے متاثرہ افراد کیلیے ڈھائی لاکھ مکانات کی تعمیر کیلیے فنڈز تلاش کر رہے ہیں۔ انہوں نے وفد سے مزید کہا کہ اس منصوبے کیلیے 400 ملین ڈالر اور کمیونٹی انفرا اسٹرکچر کی ترقی کیلیے اضافی 100 ملین ڈالر درکار ہیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 250000 گھروں کی تعمیر کے 400 ملین ڈالر مالیت کے منصوبے کی کاغذی کارروائی مکمل کی جائے گی تاکہ انہیں ایشین بینک کے بورڈ کے اجلاس میں پیش کیا جا سکے۔