آصف علی زرداری نے بطور صدر مملکت ذمہ داریاں سنبھال لیں
پاکستان کے 14ویں صدرآصف علی زرداری نے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد ذمہ داریاں سنبھال لیں۔
حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی جہاں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے آصف علی زرداری سے صدر کے عہدے کا حلف لیا۔
تقریب میں سبکدوش ہونے والے صدر ڈاکٹر عارف علوی، وزیر اعظم شہباز شریف، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، بلاول بھٹو زرداری، بختاور بھٹو زرداری، آصفہ بھٹو زرداری اور سیاسی رہنما موجود تھے۔
اس کے علاوہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے بھی تقریب میں شرکت کی جبکہ صوبائی گورنرز اور غیر ملکی سفارت کار بھی شریک ہوئے۔
حلف برداری ہوتے ہی ایوان صدر جیئے بھٹو کے نعروں سے گونج اٹھا۔
واضح رہے کہ آصف علی زرداری واحد سویلین ہیں جو دوسری مرتبہ صدر منتخب ہوئے ہیں۔
گزشتہ روز آصف علی زرداری نے 411 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے تھے جبکہ ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل کے نامزد کردہ امیدوار محمود خان اچکزئی کو 180 الیکٹورل ووٹ ملے۔