گورنر سندھ نے خاتون ٹیچر کو ہراساں کرنے والے لاڑکانہ بورڈ کے چیئرمین کی معافی کی درخواست مسترد کردی
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے جنسی ہراسانی میں ملوث چیئرمین انٹر بورڈ کی سزا کے خلاف اپیل مسترد کردی۔
ترجمان کے مطابق نسیم میمن نے فیصلے کے خلاف گورنر سندھ سے سزا معافی کی اپیل کی تھی تاہم گورنر سندھ نے سزا برقرار رکھتے ہوئے معاملے کی انکوائری کا حکم بھی دیا۔
نسیم میمن کو صوبائی محتسب اعلیٰ نے نومبر 2023 میں خاتون ٹیچر شگفتہ شاہ کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزام میں سزا سناتے ہوئے عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا تھا۔
نسیم میمن پر شگفتہ شاہ نے ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا، نسیم میمن پبلک اسکول حیدرآباد کے پرنسپل تھے، خاتون ٹیچر شگفتہ شاہ نے الزام لگایا تھا کہ نسیم میمن ان کو ہراساں کرتے ہیں۔
چیئرمین لاڑکانہ بورڈ نسیم میمن پر خواتین کوہراساں کرنے کا الزام ثابت ہوا تھا، جس پرصوبائی محتسب نے انہیں عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا تھا۔
صوبائی محتسب نے چیئرمین لاڑکانہ بورڈ پر تین لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔