پولیو ڈیوٹی کے دوران حادثے میں ٹانگوں سے محروم ہونے والی ورکر کو سندھ حکومت نے ایک کروڑ روپے دے دیے

FB_IMG_1711179873633

پولیو ڈیوٹی کے دوران حادثے میں اپنی دونوں ٹانگیں کھو بیٹھنے والی پولیو ورکر کو سندھ حکومت نے ایک کروڑ روپے کی امداد فراہم کردی۔

سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے سیکریٹری صحت ریحان اقبال بلوچ اور ای او سی سندھ کے کوآرڈینیٹر ارشاد علی سوڈھر کے ہمراہ پولیو ہیرو ہما اشرف کی عیادت کی۔

ہما اشرف صوبائی دارالحکومت کراچی میں پولیو ٹیم کی ایریا سپروائزر ہیں، جو ایک افسوسناک ٹرین حادثے کے دوران اپنی دونوں ٹانگوں سے محروم ہوگئی تھی۔

وزیر صحت نے مشکل وقت میں ہما اشرف کی مدد کے لیے حکومت سندھ کی جانب سے انہیں ایک کروڑ روپے کا امدادی چیک فراہم کیا۔

ڈاکٹر عذرا نے اسپتال میں عیادت کے دوران ہما کی لگن اور بہادری کی تعریف کی اور ان کی والدہ سے دلی تعزیت کی۔

مزید برآں، ڈاکٹر عذرا نے اس بات کو یقینی بنایا کہ اسپتال میں ہما کا علاج بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہے اور وہ پولیو پروگرام میں اپنی ملازمت بھی برقرار رکھیں گی۔