نوابشاھ میں زمین کے تنازع پر دو گروپوں میں تصادم، 7 افراد قتل، 8 زخمی
نوابشاہ کی تحصیل قاضی احمد کے قریب زمین کے دیرینہ تنازع پر فائرنک کے نتیجے میں 7؍ افراد ہلاک اور 8؍ زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ٹھیکیدار عبدالغنی ڈاہری تھریشر مشین لیکر گندم کٹائی کیلئے پہنچے تو زمیندار سے تلخ کلامی ہوئی، جس پر دونوں جانب سے فائرنگ کی گئی۔
تصادم کی وجہ سے علاقے میں کشیدگی برقرار ہے جب کہ علاقے میں عارضی طور پر اضافی نفری تعینات کردی گئی۔
پولیس نے بتایا کہ گاؤں واحد بخش میں ڈاہری برادری کے دو گروہوں کے درمیان زرعی زمین کے ٹھیکے کے تنازع پر فائرنگ میں7؍ افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ 8زخمی ہوکر اسپتال داخل ہوگئے ۔
ایس ایس پی کے مطابق پبجو تھانے کی حدود میں واقع گاؤں واحد بخش ڈاہری میں زرعی زمین کے ٹھیکے کے تنازع میں ڈاہری برادری کے دو گروپ کے درمیان تنازع چل رہا تھا جو بڑھ کر خونی تصادم میں تبدیل ہوا۔
انہوں نے کہا کہ اتوار کو ٹھیکیدار عبدالغنی ڈاہری اپنے ساتھیوں کے ہمراہ تھریشر مشین لے کر گندم کی فصل کی کٹائی کے لیے پہنچے تو زمیندار مبین ڈاہری کے ساتھ تلخ کلامی کے بعد دونوں گروپوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
فائرنگ کے نتیجے میں عبدالغنی ڈاہری، محمد مبین ڈاہری ، محمد ابراہیم ڈاہری ، روشن ڈاہری مختیارڈاہری ، مراد ڈاہری اور بشر ملاح جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہو گئے۔
زخمیوں کو پیپلز میڈیکل اسپتال داخل کیا گیا، زخمیوں میں سعید خان ڈاہری ،غلام رسول ، غلام قادر، نبی بخش ، غلام شبیر ڈاہری اور دیگر شامل ہیں۔