سندھ میں درجنوں سرکاری اداروں کا جعلی آڈٹ ہونے کا انکشاف
سندھ میں درجنوں سرکاری اداروں کا جعلی آڈٹ ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
نجی ٹی وی ہم ٹی وی کے مطابق جعلی آڈٹ کرنے والی ٹیم آڈیٹرجنرل آف پاکستان کا نام استعمال کررہی تھی۔
جعلی آڈیٹرز آڈٹ کے نام پر سرکاری محکموں سے کروڑوں روپےبٹوررہے تھے،شکایات ملنے پر آڈیٹرجنرل آف پاکستان نے نوٹس لے لیا، تحقیقات شروع کردی گئیں۔
دو سرکاری آڈیٹرز کا بھی جعلی آڈٹ ٹیم کے ساتھ ملے ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے ،جعلی آڈٹ ٹیم کچھ آڈیٹرز کے ساتھ مل کر کئی اسکولوں اور اداروں کا جعلی آڈٹ کر رہی تھی۔
دستاویزات کے مطابق گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین نارتھ ناظم آباد کا جعلی آڈٹ کیا گیا،جعلی آڈٹ ٹیم کی مددکرنے پرایک آڈٹ افسرکو نوکری سے فارغ کردیا گیا،ڈائریکٹرجنرل آڈٹ سندھ کو مزید ایکشن اورجعلی آڈٹ کی تحقیقات کا حکم دیدیا گیا۔
گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین نارتھ ناظم اباد نے آڈیٹرجنرل آف پاکستان کو معاملے سے آگاہ کردیا،جعلی آڈٹ ٹیموں کی واردات کی آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے حکام نے بھی تصدیق کردی۔
آڈیٹر جنرل آف پاکستان کا کہنا ہے کہ معاملے پر سختی سے نوٹس لیا ہے، ایک سینئیر آڈیٹر کو تحقیقات کے بعد نوکری سے فارغ کردیا گیا،جعلی آڈٹ سے متعلق معاملات کی چھان بین شروع ہوچکی۔