سندھ کی 12 میں 10 سینیٹ نشستیں پیپلز پارٹی نے جیت لیں

سندھ میں ایوان بالا یعنی سینیٹ کی 12 خالی سیٹوں پر پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج سامنے آگیے، جن کے مطابق 12 میں سے 10 نشستوں پر سندھ کی حکمران جماعت پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے امیدوار کامیاب ہوگئے جب کہ ایک نشست پر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کا امیدوار جب کہ ایک آزاد امیدوار کامیاب ہوگیا۔

غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق سینیٹ کی اقلیتی نشست پر پیپلزپارٹی کے پنجومل بھیل کامیاب جبکہ خواتین کی نشست پر پیپلز پارٹی کی ہی روبینہ قائم خانی اور قرۃ العین مری منتخب ہو گئیں۔

اسی طرح ٹیکنوکریٹ کی نشست پر پیپلز پارٹی کے سرمد علی اور ضمیر گھمرو سینیٹر منتخب ہو گئے۔

سندھ سے جنرل نشست پر آزاد امیدوار فیصل واڈا بھی سینیٹر منتخب جبکہ ایم کیو ایم کے عامر چشتی نے بھی جنرل نشست پر کامیابی حاصل کی۔

سندھ سے جنرل نشست پر پیپلز پارٹی کے کاظم علی شاہ، مسرور احسن، ندیم بھٹو، اشرف علی جتوئی اور دوست علی جیسر سینیٹر منتخب ہو گئے۔

سندھ کے غیرحتمی و غیرسرکاری نتائج کے مطابق سینیٹ الیکشن میں سندھ سے ایم کیو ایم اور آزاد امیدوار نے ایک، ایک جبکہ پیپلزپارٹی نے 10نشستیں حاصل کر لیں۔