سندھ کابینا نے سرکاری ملازمین بھرتی کرنے کی منظوری دیدی

سندھ کابینا نے تمام محکموں میں بھرتیوں پر عائد پابندی ختم کرنے کی منظوری دیدی۔
سندھ کابینا نے سپرا( SPPRA ) رولز 2010 میں ترامیم کی بھی منظوری دے دی۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کابینا کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صوبائی حکومت کے محکموں میں عائد بھرتیوں پر پابندی اٹھانے کی منظوری دے دی اور ساتھ ہی ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگر عملے کو 30 جون 2024 تک توسیع دی جنہیں کوویڈ-19وبائی امراض کے دوران تعینات کیا گیا تھا۔
صوبائی کابینا اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہوا، جس میں صوبائی وزراء، مشیران، چیف سیکرٹری، وزیر اعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی اور متعلقہ سیکرٹریز نے شرکت کی۔
کابینا اراکین نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ سرکاری محکموں میں نچلے گریڈ کی ہزاروں آسامیاں خالی ہیں، بھرتیوں پر پابندی اٹھانے سے نہ صرف محکموں کے کام میں بہتری آئے گی بلکہ نوجوانوں کو ملازمت کے مواقع میسر آئیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کابینا کے اراکین کی رضامندی سے سرکاری محکموں میں بھرتیوں پر پابندی اٹھانے کی منظوری دیتے ہوئے وزیر قانون ضیاء الحسن لنجار اور ایڈووکیٹ جنرل کو ہدایت کی کہ وہ اس کیس کی عدالت میں پیروی کریں اور خالی اسامیوں کے حوالے سے حکم امتناعی کو خارج کرنے کی درخواست دیں۔