سنجھورو میں زیر زمین پانی زہریلا بن گیا، 5 بچے جاں بحق، متعدد بیمار

سانگھڑ کی تحصیل سنجھورو میں زیر زمین آلودہ پانی پینے سے 5 بچے جاں بحق ہوگئے جب کہ متعدد افراد کے بیمار ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر (ڈی ایچ او) سانگھڑ کے مطابق 2 روز کے دوران ایک ہی خاندان کے 5 بچے جاں بحق ہوئے۔

واقعے کے بعد ڈی ایچ او سانگھڑ نے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا اور واٹر پمپ کو سیل کردیا۔

ڈی ایچ او نے بتایا کہ متاثرہ علاقے میں زیر زمین پانی کا استعمال کرنے سے منع کر دیا گیا، زیر زمین پانی کے نمونے لیبارٹری میں چیک کیے گئے، جس میں سینکھیا کی مقدار زیادہ پائی گئی۔

سنجھورو کے علاوہ بھی ارد گرد کے علاقوں کے زیر زمین پانی کے مضر صحت ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

سانگھڑ سے قبل کچھ دن پہلے خبر سامنے آئی تھی کہ کوٹڑی بیراج سے پینے کے لیے اٹھایا جانے والا پانی بھی زہریلا ہوگیا، جس وجہ سے حیدرآباد ڈویژن کے متعدد علاقوں کے لوگ بیمار ہونے لگے۔