معلومات تک رسائی کے قانون کی تحت سندھ پولیس میں تاحال افسر نہ لگ سکا
سندھ میں معلومات تک رسائی کا قانون پاس ہونے کے 7 برس بعد بھی سندھ پولیس میں معلومات تک رسائی کے قانون پر عملدرآمد اور درخواستیں نمٹانے کے لیے افسر نامزد نہ ہو سکا ۔
سندھ میں معلومات تک رسائی کا قانون سال 2017 میں منظور ہوا تھا جس کے سیکشن 7 ( 1 ) کے تحت ہر صوبائی سرکاری ادارہ اس بات کا پابند ہے وہ 45 روز کے اندر کم از کم گریڈ 16 کے افسر کو بطور انفارمیشن افسر نامزد کرے گا۔
مذکورہ آفیسر اس قانون کے تحت آنے والی درخواستوں کا جواب دے گا۔
تاہم سندھ پولیس نے قانون کی منظوری کے 7برس گزر جانے کے باوجود افسر نامزد نہیں کیا ہے جسکے باعث پولیس کے حوالے سے معلومات حاصل کرنے والے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
اس حوالے سے انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ اور ترجمان سندھ پولیس سے استفسار کیا گیا تاہم ان کی جانب سے پوچھے گئے سوال کا کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
سندھ پولیس کی طرح دیگر متعدد صوبائی اداروں میں بھی انفارمیشن آفیسرز نامزد نہیں کیے جا سکے، جس وجہ سے معلومات تک رسائی کا قانون غیر فعال ہے۔