پچیس سال بعد کراچی میں کسی سربراہ مملکت کی آمد
صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں کم از کم 25 سال بعد کسی بھی ملک کے سربراہ مملکت یا حکومتی سربراہ کی آمد ہوئی ہے، 23 اپریل کو ایرانی صدر ابراہیم رئیسی صوبائی دارالحکومت پہنچے۔
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی آمد سے کراچی میں طویل عرصے بعد کسی بھی سربراہ حکومت کی آمد ہوئی ہے، ان سے قبل سابق آمر جنرل پرویز مشرف کے ابتدائی دور حکومت میں غیر ملکی سربراہان حکومت اور ریاست کراچی آئے تھے۔
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے کراچی کے دورے کو سندھ کے سیاسی، سماجی اور ادبی شخصیات اور شہریوں نے خوشگوار لمحہ قرار د یتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے آنے والے دنوں میں سندھ کو فائدہ ہو گا۔
بیشتر شہریوں کا کہنا تھا کہ انہیں یاد نہیں ہے کہ آخری بار کراچی شہر میں کسی بڑے اور دوست ملک کے حکمران کی کب آمد ہوئی تھی، شہریوں کے مطابق 1980 کی دہائی تک غیر ملکی سربراہان پاکستان کے دورے میں کراچی کو بھی شامل کیا کرتے تھے لیکن بعد میں یہ سلسلہ کم ہوتا گیا۔۔
سیاست اور صحافت سے وابستہ افراد کے مطابق آخری بار کراچی مین جنرل پرویز مشرف کے ابتدائی دور یعنی 1999 سے 2000 تک کسی سربراہ مملکت یا حکومت کی کراچی آمد ہوئی ہوگی، اس کے بعد بیرون ممالک کے سربراہان کی کراچی آمد بند ہوگئی تھی۔