ملک کی پہلی ہندو اسسٹنٹ کمشنر کا اعزاز حاصل کرنے والی شکارپور کی ثنا رام بہاولپور میں تعینات

ملک کی پہلی ہندو اسسٹنٹ کمشنر بننے والی سندھ کی بیٹی ڈاکٹر ثنا رام گلوانی کو پنجاب کے شہر بہاولپور تعینات کردیا گیا۔

بہاولپور میں بھی پہلی بار ہندو خاتون اسسٹنٹ کمشنر کی تعیناتی ہوئی ہے ۔

محمد عدیل خان اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور کے تبادلے کے بعد انکی جگہ ڈاکٹر ثناء رام چند گلوانی کی تعیناتی ہوئی۔

سینٹرل سپیریئر سروس (سی ایس ایس) کے 2020 کے امتحان میں کامیابی کے بعد پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (سابقہ ڈسٹرکٹ مینجمنٹ گروپ یا ڈی ایم جی) کا حصہ بننے والی سندھ کی بیٹی کو پنجاب حکومت نے 2023 میں حسن ابدال میں بطور اسسٹنٹ کمشنر تعینات کیا تھا، اس کے بعد اب ان کا تبادلہ کرکے انہیں بہاولپور میں تعینات کردیا گیا۔

ڈاکٹر ثنا رام چند سی ایس ایس افسر بننے سے قبل یورولوجسٹ تھیں اور وہ بطور ڈاکٹر خدمات سر انجام دیتی رہی تھیں۔

ڈاکٹر ثنا کا تعلق سندھ کے شمالی ضلع شکارپور کے چھوٹے سے شہر چک سے ہے۔ انھوں نے پرائمری سے لے کر کالج تک تعلیم وہیں سے حاصل کی۔ ان کے والد صحت کے شبعے سے وابستہ ہیں۔

انٹر میں اچھے نمبر آنے کے بعد انھوں نے سندھ کے چانڈکا میڈیکل کالج سے ایم بی بی ایس کیا اور ہاؤس جاب سول اسپتال کراچی میں کی اور بعد ازاں سی ایس ایس امتحان پاس کرکے اسسٹنٹ کمشنر بنیں۔