قاضی احمد میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو بیٹی کی تدفین سے روک دیا گیا
ضلع نوابشاہ (بینظیر آباد) کے شہر قاضی احمد میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو چار ماہ کی بیٹی کی تدفین سے روک دیا گیا۔
قاضی احمد کے نواحی گاؤں وریام مہر کے 27 سالہ عبدالحمید مہر 24 سالہ مسمت بیبل مہر سے گزشتہ سال مارچ 2023 میں پسند کی شادی کی تھی، دونوں کا تعلق ایک ہی گاؤں اور ایک ہی برادری سے تھا لیکن اس باوجود ان کی شادی کو تسلیم نہیں کیا گیا۔
پسند کی شادی کے بعد اہل خانہ اور گاؤں والوں کی ناراضگی کے بعد جوڑے نے قاضی احمد شہر میں رہائش اختیار کی اور وہاں مزدوری کرکے گزر بسر کرنے لگے لیکن کچھ عرصہ قبل جوڑے کے ہاں پیدا ہونے والی پہلی بچی کی طبیعت خراب ہوگئی جو چند ہفتوں کے علاج بعد انتقال کر گئی۔
جوڑے نے قاضی احمد پریس کلب کم سن بچی کی لاش سمیت صحافیوں سے بات کی اور الزام عائد کیا کہ گاؤں والوں نے انہیں بیٹی کو آبائی قبرستان میں دفن کرنے سے روک دیا۔
جوڑے کی جانب سے پریس کلب آنے کے بعد قاضی احمد پولیس نے نوٹس لیتے ہوئے اپنی نگرانی میں جوڑے کو اپنی بیٹی کو آبائی قبرستان مین دفن کروایا۔
جوڑے نے دعویٰ کیا کہ پولیس کی نگرانی اور مدد سے بیٹی کی تدفین کے بعد گاؤں والوں نے انہیں فوری طور پر وہاں سے نکل جانے کا کہا اور کسی نے بھی ان کی مدد نہیں کی بلکہ انہیں دھمکیاں دی جانے لگیں کہ ان کی لاشوں کو بھی آبائی قبرستان میں دفن نہیں کرنے دیا جائے گا۔