زنجیروں میں جکڑے بچے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سندھ پولیس کا بچے کو بازیاب کرانے کا دعویٰ
سندھ پولیس نے زنجیروں میں جکڑے بچے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد مذکورہ بچے کشمور سے بازیاب کرانے کا دعویٰ کردیا۔
کشمور پولیس کے سینیئر پولیس افسر بشیر بروہی نے دعویٰ کیا کہ پانچ سالہ مغوی بچے ایاز خان کو، جس کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، ’انٹیلیجنس آپریشن‘ کے بعد باحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔
سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) کشمور بشیر بروہی کے مطابق ’ہم نے انٹیلیجنس آپریشن کے بعد بچے کو گھوٹکی ضلعے میں دریائے سندھ کے کچے سے بازیاب کرا لیا۔‘
جب ان سے پوچھا گیا کہ بچے کو اغوا ہوئے ایک مہینہ ہوگیا مگر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے ایک ہی دن میں کیسے بازیاب کرلیا؟ تو ان کا کہنا تھا: ’ہم بچے کے اغوا ہونے والے دن سے اس آپریشن پر کام کررہے تھے اور آج شام بچہ باحفاظت بازیاب ہوگیا۔‘
حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک کم عمر بچے پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس کے اہل خانہ نے بتایا کہ اسے کندھ کوٹ سے تاوان کے لیے اغوا کیا گیا۔