سندھ پولیس میں کروڑوں روپے کی کرپشن کا اسکینڈل، 10 افسران معطل

سندھ پولیس کے اسپیشل پروٹیکشن یونٹ (ایس پی یو) میں مبینہ کروڑوں کی کرپشن کا اسکینڈل سامنے آنے کے بعد 10 افسران و اہلکار کو معطل کردیا گیا۔

ایڈیشن انسپٹکٹر جنرل (اے آٰئی جی) خادم حسین رند نے اسپیشل پروٹیکشن یونٹ کے 10 افسران و اہلکاروں کو معطل کرکے انہیں بی کمپنی میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی ۔

نجی ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں ذرائع سے بتایا کہ کارروائی خفیہ تحقیقات کے بعد مبینہ کرپشن کے الزامات پر کی گئی ہے، بی کمپنی بھیجے گئے افسر اور اہلکاروں کو اختیارات کے غلط استعمال اور کرپشن کے الزامات پر ہٹایا گیا۔

معطل افسر اور اہلکاروں پر سی پیک پروجیکٹ کیلئے دی گئی سرکاری گاڑیوں کے غلط استعمال کا بھی الزام ہے، افسران و اہلکاروں میں اسپیشل پروٹیکشن یونٹ سکھر کے انسپکٹر محمد فہیم اور ہیڈ کانسٹبل شامل ہیں۔

ذرائع نے بتایاکہ ڈی آئی جی اسپیشل پروٹیکشن یونٹ آفس میں تعینات صدام حسین بلو پر بھی کرپشن کا الزام ہے، سی پیک تھرپارکر کے 3 اہلکاروں کو بھی اختیارات کے غلط استعمال پر بی کمپنی بھیجا گیا ہے۔