سندھ حکومت کا صوبے بھر کے گھرانوں7 ہزار روپے میں سولر سسٹم فراہم کرنے کا منصوبہ
سندھ حکومت نے عالمی بینک کے اشتراک سے صوبے بھر کے گھرانوں کو صرف 7 ہزار روپے میں پورا سولر سسٹم فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
منصوبے کے تحت پہلے مرحلے میں سندھ حکومت کی جانب سے صوبے میں دو لاکھ گھرانوں کو 7 ہزار روپے میں پورا سولر سسٹم فراہم کیا جائے گا۔
پہلے مرحلے میں دارالحکومت کراچی کے 50 ہزار گھرانے بھی شامل ہیں۔
مجوزہ فراہم کردہ سولر سسٹم سے ایک پنکھا اور 3 ایل ای ڈی بلب جلائے جاسکیں گے۔ سسٹم میں سولر پینلز، چارج کنٹرولر اور بیٹری بھی شامل ہے۔
اس پراجیکٹ کیلئے ورلڈ بینک نے 3 کروڑ 20 لاکھ ڈالر جاری کیے ہیں، جبکہ منصوبے میں مزید توسیع کا بھی امکان ہے۔
منصوبے کے حوالے سے ڈائریکٹر سندھ سولر انرجی نے بتایا کہ صوبے کے ہر ضلع میں 6 ہزار 656 سولر سسٹم دئے جائیں گے اور اس منصوبے کا آغاز اکتوبر سے متوقع ہے۔
واضح رہے کہ سندھ میں شمسی توانائی سے 400 میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے، اس منصوبے کے آغاز کے بعد پیداوار میں مزید اضافہ متوقع ہے۔