سکھر میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر صحافی حیدر مستوئی پر فائرنگ
ضلع سکھر کے نواحی شہر ببرلو پر مقامی صحافی حیدر مستوئی کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر نامعلوم مسلح افراد نے گولیاں مار دیں جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔
حیدر مستوئی کو تشویشناک حالت میں سکھر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوع کا جائزہ لینے کے بعد تفتیش شروع کر دی گئی۔
ملزموں کی جانب سے صحافی کو 5 گولیاں ماری گئی ہیں۔
ذرائع کی جانب سے حیدر مستوئی کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
چند روز قبل ضلع گھوٹکی کے شہر میرپورماتھیلو میں نامعلوم افراد نے سینئر صحافی نصر اللہ گڈانی کو گولیاں مار دی تھیں، جنہیں پہلے علاج کیلئے رحیم یار خان منتقل کیا گیا تھا ، بعد ازاں وزیرِ اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر نصر اللہ کو کراچی کے اسپتال داخل کیا گیا جہاں وہ جان کی بازی ہار گئے تھے۔