سندھ کے ساحلی علاقوں میں نقاصی اب، جنگلات اور سڑکوں کی بحالی کا منصوبہ شروع کرنے کا اعلان

سندھ حکومت نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے صوبے کے ساحلی علاقوں اور خصوصی طور پر سجاول، ٹھٹھہ اور بدین اضلاع میں ماحولیاتی بہتری کے لیے جنگلات، نقاصی اب اور سڑکوں کی بحالی کے منصوبے کا اعلان کردیا۔

ایشیائی ترقیاتی بینک سندھ حکومت کو 180 ملین ڈالر یعنی 18 کروڑ ڈالرز کے فنڈز قرض کے طور پر دیگا۔

اس سلسلے میں وزیر آبپاشی و خوراک جام خان شورو اور سیکریٹری آبپاشی ظریف احمد کھیڑو سےایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد نے ملاقات کی، جس میں جنگلات، ڈرین اور روڈز کی بحالی کے منصوبے شروع کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا.

ملاقات کے دوران ٹیم لیڈر ڈاکٹر ڈیوڈ فرویلچ کا کہنا تھا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک سندھ کے کوسٹل ایریاز ٹھٹہ، سجاول اور بدین میں ڈرینج، روڈز اور جنگلات کی بحالی کا منصوبہ شروع کرنے جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان میں ماحولیاتی آلودگی سے پاک سمندر، غذائی سلامتی، زراعت کےفروغ اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لئے اہمیت کی حامل منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔

اس دوران وزیر آبپاشی جام خان شورو کا کہنا تھا کہ منصوبے سے پہلے بدین، ٹھٹہ اور سجاول کے انڈس ڈیلٹا کا سروے، ڈیزائن اور میپ بنایا جائے گا۔

ان کے مطابق منصوبے کے تحت کوسٹل کےتحفظ، ساحلی علاقوں کے لوگوں کے لئے روزگار اور پائیدار معاشی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔