کراچی ایئرپورٹ پر سیکیورٹی اہلکار نے شک کی بنیاد پر حج کو جانے والی خاتون کے بال کاٹ دیے
صوبائی دارالحکومت کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کی خاتون اہلکار نے خاتون عازم حج کے ساتھ ہتک آمیز رویہ اپناتے ہوئے شک کی بنیاد پر سر کے بال کاٹ دیے۔
مذکورہ واقعہ یکم جون کو پیش آیا تھا جس کی اب باز گشت سامنے آنے کے بعد ایئرپورٹ ذرائع نے بھی تصدیق کی۔
متاثرہ عازم سیما بانو جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے حج کیلیے روانہ ہوئیں اور اے ایس ایف کے اسکینر پر سیکیورٹی کلیئرنس کروائی تاہم اے ایس ایف کی خاتون اہلکار رضوانہ نے شک کی بنیاد پر سیما بانو کو روکا اور کمرے میں لے جاکر ساتھی اہلکاروں کے ساتھ اُن کی جامع تلاشی لی۔
اے ایس ایف اہلکار نے چیکنگ کے دوران مسافر سیما بانو کے سر کے بال کاٹ دیے اور پھر انہیں دوبارہ اسکینر سے گزارا تو کوئی مشکوک چیز سامنے نہیں آئی۔ ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق اے ایس ایف اہلکار کو خاتون کے بالوں پر شک ہوا تھا۔
واقعہ پیش آنے کے بعد وزارت ہوا بازی نے اے ایس ایف کی اہلکار کی طرف سے شبے کی بنیاد پر ایک خاتون عازمِ حج کے بال کاٹنے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔
واقعے کی تحقیقات کے لیے چار رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔
اس حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تحقیقات کا مقصد حقائق کا پتہ لگانا اور یہ معلوم کرنا ہے کہ کیا ہوائی اڈوں پر مسافروں کی سکریننگ (جانچ) کے مروجہ طریقہ کار پر عمل ہو رہا ہے یا نہیں۔
اس کے علاوہ تحقیقات کا مقصد ’مسافروں کی سکریننگ اور سکیننگ سے منسلک ہوائی اڈے پر کام کرنے والے سرکاری اداروں کی ذمہ داریوں کا جائزہ لینا بھی ہے۔‘
دوسری جانب انسانی حقوق کمیشن (ایچ آر سی پی) نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ائیرپورٹ سکیورٹی کی اہلکاروں کی جانب سے خاتون مسافر کے بال کاٹنا عزت نفس کو مجروح کرنا اور پرائیویسی کی سنگین خلاف وزری ہے۔