سندھی قوم اور ثقافت کی توہین کرنے کا الزام، ٹیلی فلم کی ٹیم کو تنقید کا سامنا

ٹیلی فلم میں سندھی قوم، ثقافت اور لوگوں کی توہین کرنے کی مختصر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد فلم کی ٹیم اور اداکاروں کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی مختصر کلپ میں تین کرداروں کو دکھایا گیا ہے، جس میں سے خاتون کا کردار ایک سندھی مرد کا کردار ادا کرنے والے شخص کی توہین کرتی ہے۔

اردو زبان میں بنائی گئی ٹیلی فلم کی کلپ میں خاتون اپنے سیکیورٹی گارڈ کے ساتھ مل کر سندھی شخص کا کردار ادا کرنے والے کی توہین کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

مختصر کلپ میں خاتون نہ صرف سندھیوں کو برا بھلا کہتی سنائی دیتی ہیں بلکہ وہ سندھی شخص کا کردار ادا کرنے والے اداکار کو پہنی ہوئی سندھی ٹوپی بھی اتار پھنکتی ہیں اور کہتی سنائی دیتی ہیں کہ سندھیوں کی یہی اوقات ہے۔

مذکورہ ٹیلی فلم کی کلپ وائرل ہونے کے بعد سندھ بھر کے سوشل میڈیا صارفین نے اداکارہ سمیت ٹیلی فلم کی ٹیم کو آڑے ہاتھوں لیا اور فلم کی ٹیم کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔

سوشل میڈیا صارفین نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ وہ فلم کی ٹیم اور اداکاروں کے خلاف سندھی قوم اور ثقافت کی توہین کرنے کا مقدمہ دائر کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی کرے۔

سوشل میڈیا صارفین نے ٹیلی فلم کی وائرل کلپ پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے سندھی قوم، زبان اور سندھی ثقافت پر حملہ قرار دیا۔