حیدراباد گیس سلینڈر دھماکے کے تین زخمی چل بسے، اموات کی تعداد 26 تک جا پہنچی
گزشتہ ہفتے حیدرآباد کے علاقے پریٹ آباد میں ہونے والے گیس سلنڈر دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی اموات کا سلسلہ جاری ہے، مزید تین زیر علاج اس فراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے جس کے بعد سانحے میں جاں بحق افراد کی تعداد 26 ہوگئی۔
30 مئی کو حیدر آباد کے علاقے پریٹ آباد میں گیس سلنڈر کی دکان میں دھماکے کے بعد آگ لگنے سے 60 افراد زخمی ہوگئے تھے جبکہ جھلسنے والے 21 افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
آتشزدگی کے باعث دکان میں موجود کئی سلنڈر دھماکوں سے پھٹ گئے تھے، دھماکوں اور آتشزدگی سے آس پاس کی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا جبکہ ریسکیو اور فائر فائٹرز کی ٹیمیں آگ بجھانے کے لیے جائے وقوع پر پہنچی تھیں۔
چھ جون کو سول اسپتال کراچی کے برن وارڈ میں زیرعلاج 15سالہ اجمل ولد محمدعلی اور 50سالہ اشرف قریشی اور 8سالہ کنزہ بنت ذیشان شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئیں، جس کے بعد اموات کی تعداد 26 تک جا پہنچی۔
کنزہ کی بہن علیشاہ اور بھائی علی رضا بھی سلنڈر دھماکے میں جاں بحق ہوئے تھے۔
ایک روز قبل بھی 4 افراد کراچی کے ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے تھے، جن میں 2 سالہ حرم، 15 سالہ قاضی محمد حسنین، 65 سالہ الطاف اور 15 سالہ محمد آرائیں شامل تھے۔