پولیس کا نصراللہ گڈانی کے قتل میں ملوث ایک ملزم گرفتار کرنے کا دعویٰ

FB_IMG_1716363437933

پولیس نے مقتول صحافی نصراللہ گڈانی قتل کیس کا ایک ملزم کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کردیا۔

میرپور ماتھیلو میں قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہونے والے صحافی کے قتل کیس میں ملوث ایک ملزم کو پولیس نے یارو لونڈ کے علاقے سے گرفتار کیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے صحافی کے قتل میں استعمال موٹرسائیکل بھی برآمد ہوئی جب کہ ملزم کو تفتیش کےلیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے ساتھیوں کی گرفتاری کےلیے چھاپے مارے جارہے ہیں، جلد ہی نصراللہ گڈانی قتل کیس میں ملوث دیگرملزمان کو بھی گرفتار کرلیں گے۔

یاد رہے کہ میرپور ماتھیلو سے تعلق رکھنے والے صحافی نصراللہ گڈانی پر 21 مئی کو فائرنگ کی گئی تھی جس کے بعد انہیں علاج کے لیے کراچی منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے تھے۔

ان کے قتل کی عدالتی تفتیش کے لیے بھی ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جا چکی ہے۔