سندھ بھر کے ٹول پلازہ پر کیمروں کے ذریعے نگرانی کا اسمارٹ سرویلنس ایس فور منصوبہ شروع

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایس فور پروجیکٹ اورپولیس ہیلتھ کارڈ کا افتتاح کردیا، سندھ بھر میں 40 ٹول پلازہ پر نصب کیمرے سی پی او کراچی کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے منسلک ہوگئے۔

صوبائی دارالحکومت کراچی میں سینٹرل پولیس آفیس (سی پی او) آفس میں وزیر اعلی سندھ نے ایس فور پروجیکٹ اور پولیس ہیلتھ کارڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہوئے کہا کہ سندھ اسمارٹ سرویلینس سسٹم (ایس فور) جدید اور ماڈرن تکنیکس کا ایک مجموعہ ہے اور سندھ حکومت نے ایس فور پروجیکٹ کے لیے تقریبا 1.5 ارب روپے مختص کیے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ امن و امان کا قیام پاکستان پیپلزپارٹی کی اولین ترجیح ہے، امید ہےکہ اس نظام کو جرائم کے خلاف ایک موثر آلہ کے طور پر استعمال کرکے اسے مزید مربوط اور مؤثر بنانے کی کوشش کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس سسٹم میں کیمروں کی لائیو فیڈ ایک سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول روم میں موجود سرور کے ذریعہ جائزہ لے گی،جو چوری شدہ گاڑیوں اور کرمنل ریکارڈ رکھنے والے افراد کا ڈیٹا فوری طور شناخت کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے تمام 40ٹول پلازہ پر نصب کیمرے چہرے کی شناخت اور آٹومیٹڈ نمبر پلیٹ کی جانچ کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جرائم کی روک تھام کے لیے نیا نظام اہم کردار ادا کرے گا، 400 جدید کیمروں کی مدد سے سڑکوں کی نگرانی ہوگی، منصوبے کا نام سندھ اسمارٹ سرویلنس رکھا گیا ہے، نئے نظام سے جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی ہوگی۔