اونٹ کی ٹانگ کاٹنے کے واقعے کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا، مالک کے قتل کی جھوٹی خبریں پھیلائی گئیں، مراد علی شاہ

سندھ کے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سانگھڑ میں اونٹ کی ٹانگ کاٹنے کے معاملے کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا، ویڈیوز اور تصاویر میں جھنڈے لگاکر دوسرا تاچر دینے کی کوشش کی گئین۔

کراچی سینٹرل پولیس آفس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اونٹ کی ٹانگ کاٹنے کا واقعہ ہونے کے بعد اونٹ کے مالک نے فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) دائر کروانے سے انکار کیا لیکن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اپنی مدعیت میں مقدمہ دائر کرکے ملوث افراد کو گرفتار کیا۔

انہوں نے اونٹ کی ٹانگ کاٹنے کے واقعے کو سوشل میڈیا پر بڑھا چڑھا کر پیش کرنے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگلے روز یہ خبر بھی پھیلائی گئی کہ اونٹ کے مالک کو قتل کردیا گیا۔

سید مراد علی شاہ کے مطابق مالک کے قتل کی جھوٹی تصاویر پھیلائی گئیں، ہر کوئی دیکھنے والا سمجھ سکتا ہے کہ مذکورہ شخص کے قتل کی تصویر سانگھڑ کی نہیں تھی۔

انہوں نے یہ شکوہ بھی کیا کہ اونٹ کی ٹانگ کاٹنے کے واقعے کے دوران جھنڈے لگا کر دوسرا تاثر دینے کی کوشش کی گئی، حالانکہ ہر کوئی جانتا ہے کہ ٹانگ کاٹنے والا کون تھا۔

خیال رہے کہ سانگھڑ میں اونٹ کی ٹانگ کاٹنے کا واقعہ عید سے قبل پیش آیا تھا، پولیس نے مقدمہ دائر کرکے اونٹ کی ٹانگ کاٹنے والے فریقین سمیت مالکان کے خاندان کے بھی افراد گرفتار کیے تھے۔

بعد ازاں اونٹ کے مالک کو قتل کرنے کی جھوٹی تصاویر اور خبریں بھی پھیلائی گئی تھیں جب کہ اونٹ کو صوبائی دارالحکومت کراچی منتقل کرکے اسے مصنوعی ٹانگ لگا دی گئی تھی۔