سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے لیے 15 ارب، سرسو کے لیے 50 کروڑ مختص
سندھ حکومت 30 کھرب 56 ارب روپے کے بجٹ میں مختلف تعلیمی، فلاحی اور صحت سے متعلق کام کرنے والے اداروں کے لیے بھی خطیر رقم رکھی ہے۔
بجٹ دستاویزات کے مطابق سندھ حکومت نے نئے مالی سال کے لیے سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے لیے 15 ارب 95 کروڑ، 50 لاکھ روپے کی خطیر رقم رکھی ہے۔
اسی طرح بجٹ میں سندھ رورل سپورٹ پروگرام کے لیے 50 کروڑ روپے، سندھ حکومت کے ماتحت چلنے والے مدرسوں کے لیے 2 ارب 9 کروڑ روپے، ایجوکیشن مینجمنٹ آرگنائزیشن کے لیے ایک ارب روپے جب کہ سینیئر سٹیزن اتھارٹی کے لیے 15 کروڑ روپے کی رقم رکھی گئی ہے۔
بجٹ دستاویزات کے مطابق گورکھ ہل اتھارٹی کے لیے 25 کروڑ، این جی وی اسکول چلانے والی اخوت فاؤنڈیشن کے لیے 50 کروڑ، ، سندھ ہیومن رائٹس کمیشن کے لیے 40 کروڑ، سندھ چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی کے لیے 15 کروڑ اور عوام کو مفت قانونی مدد فراہم کرنے کے لیے 10 کروڑ روپے کے فنڈز رکھے گئے ہیں۔