سندھ میں ماہانہ اوسطا 260 ایچ آئی وی کیسز رپورٹ ہونے کا انکشاف
سندھ میں رواں سال ایچ آئی وی کے ہر ماہ اوسطاً 260 نئے کیس سامنے آنے کا انکشاف ہوا ہے۔
محکمہ صحت کے حکام کے مطابق رواں سال جنوری سے مئی تک صوبے میں ایچ آئی وی کے 1300 سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔
ایچ آئی وی کے نئے کیسز میں بچوں کی تعداد 10سے 15فیصد رہی۔
حکام نے بتایا کہ ایچ آئی وی کے زیادہ کیسز لاڑکانہ ڈویژن میں رپورٹ ہوئے جب کہ حیدرآباد، میرپورخاص اور کراچی ڈویژن میں بھی کیسز رپورٹ ہوئے۔
حکام کے مطابق سندھ میں جنوری میں ایچ آئی وی کے 257 اور فروری میں 256 کیس سامنے آئے جبکہ سندھ میں مارچ کے مہینے میں 258اور اپریل میں 239 ایچ آئی وی کے نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
حکام کے مطابق اس سال مئی کے مہینے میں ایچ آئی وی کے 293 نئے کیس سامنے آئے اور میرپور خاص میں جنوری سے جون تک 27 بچے ایچ آئی وی میں مبتلا ہوئے۔
یوں سندھ میں رواں برس اب تک 1300 نئے ایچ آئی وی کیس سامنے آ چکے اور اب تک اوسطا ماہانہ 260 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جو کہ تشویش ناک بات ہے۔