سندھ پولیس کے اہلکاروں پر ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے پر پابندی عائد

سندھ پولیس کی ریپڈ ریسپانس فورس (آر آر ایف )نے پولیس اہلکاروں پر یونیفارم پہن کر ٹک ٹاک بنانے پر پابندی عائد کردی۔

سندھ پولیس کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ آر آر ایف کے تمام پولیس اہلکاروں پر محکمے کی عمارت کے احاطے کے اندر کھڑی سرکاری گاڑیوں میں ٹک ٹاک بنانے پر پابندی ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ پولیس یونیفارم میں ٹک ٹاک ویڈیوز بنانا غیرپیشہ ورانہ رویہ ہے اور نظم وضبط کے اصولوں کے خلاف ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ اہلکار پولیس کی کارکردگی پر پڑنے والے منفی اثرات کو روکیں، دیانتداری اور پیشہ ورانہ مہارت کو یقینی بنائیں۔

اس میں مزید کہا گیا کہ سرکاری فرائض پر اپنی توجہ برقرار رکھنے کے لیے فورس کی مجموعی کارکردگی کو بڑھانے کیلئے فوری کارروائی کی ضرورت ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ تمام سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس(ایس ایس پی)، ایس ایس پی آر آر ایف، سی ایم یو سندھ، ڈی ایس پی ایڈمن آر آر ایف سندھ حکم کی تعمیل کو یقینی بنائیں۔