شدید گرمی کے دنوں میں کراچی کے مختلف علاقوں سے 16 لاشیں برآمد

سندھ بھر میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے جب کہ صوبائی دارالحکومت کراچی میں شدید گرمی اور مبینہ ہیٹ اسٹروک کی وجہ سے کم سے کم 16 افراد جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔

نجی ٹی وی اے آر وائے نیوز کے مطابق صوبائی دارالحکومت کراچی میں 23 اور 24 جون کو شدید گرمی کے باعث کئی افراد کی حالت خراب ہوگئی اور درجنوں افراد مختلف طبی مسائ میں مبتلا ہوکر اسپتال پہنچ گئے۔

دوسری جانب کراچی شہر سے 23 اور 24 جون کو مختلف مقامات سے 16 افراد کی لاشیں ملنے کے بعد ماہرین صحت، حکام اور رضاکاروں نے خدشہ ظاہر کیا کہ تمام افراد گرمی اور ہیٹ اسٹروک کی وجہ سے جاں بحق ہوئے ہوں گے۔

ماہرین اور رضاکاروں کے مطابق جن افراد کی لاشیں ملیں، وہ تقریبا نشے کی عادی لگتے ہیں اور ان کی لاشیں فٹ پاتھ سمیت ایسے مقامات سے ملیں، جہاں نشئیوں کا ڈیرہ رہتا ہے۔

ماہرین صحت کے مطابق مرنے والے افراد ممکنہ طور پر شدید گرمی اور ہیٹ اسٹروک کی وجہ سے مرے اور زیادہ تر لاشوں کے معائنے سے معلوم ہوتا ہے کہ مرنے والے افراد نشے کے عادی تھی، جس وجہ سے شاید انہیں سخت موسم کا علم نہ ہوسکا اور انہوں نے اپنے بچاوؐ کے لیے کوئی انٹظامات نہ کیے۔