سینیئر صحافی ذوالفقار بگھیو انتقال کر گئے
سندھی زبان کے معروف اخبار روزنامہ کاوش اور ٹی وی چینل کے ٹی این سے وابستہ صحافی اور رپورٹر ذوالفقار علی بگھیو ہارٹ اٹیک سبب انتقال کر گئے۔
نشریاتی ادارے کے ٹی این کے مطابق ذوالفقار بگھیو کو 26 اور 27 جون کی درمیانی شب دل کا دورہ پڑا، جس پر انہیں ضلع ملیر کے علاقے گلشن حدید کے مقامی اسپتال لے جایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکے۔
ذوالفقار بگھیو کی عمر 50 سال سے زائد تھی اور ان کا کا اصل تعلق ضلع لاڑکانہ سے تھا اور وہ کئی دہائیوں سے صوبائی دارالحکومت میں رہائش پذیر تھے۔
ذوالفقار بگھیو نے 1990 میں صحافت کا آغاز کیا، وہ کیریئر کے چند ابتدائی سال کے بعد روزنامہ کاوش سے وابستہ ہوگئے تھے اور انہوں نے ادارے میں تقریبا 25 سال تک کام کیا۔
انہوں نے کاوش کے بعد اسی گروپ کے ٹی وی چینل کے ٹی این میں بھی خدمات سر انجام دیں، انہوں نے ٹی وی پر پروگرامات بھی کیے جب کہ انہیں کراچی کے چند بڑے کرائم رپورٹرز میں شمار کیا جاتا تھا۔
ذوالفقار بگھیو کے انتقال پر وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن سمیت دیگر اعلیٰ حکومتی عہدیداروں نے اظہار افسوس کیا جب کہ صحافی برادری اور مختلف صحافتی تنظیموں کی جانب سے بھی ان کے انتقال پر اظہار افسوس کیا گیا۔